بھٹکل:17؍فروری(ایس اؤ نیوز)شرالی گرام پنچایت کے منُّو ہونڈا حدود میں بے تحاشہ غیر قانونی شراب کی فروخت کاری کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتےہوئے دیہی عوام نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم سونپتے ہوئے سخت اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔
میمورنڈم پیش کرتے ہوئے احتجاجیوں نے کہا کہ شرالی منوہونڈا علاقے کی 4دکانوں میں غیر قانونی طورپر شراب بیچی جارہی ہے، شراب کی لت سے مقامی خاندان اجڑنےلگے ہیں، خاص کر گھر کی عورتیں مصیبت میں پھنستی جارہی ہیں اور سماجی صحت پر اس کے بہت برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں کی مہاستی مندر کمیٹی کی طرف سے میٹنگ کرتےہوئے ایک ہفتہ میں شراب کی فروخت کاری روکنے کافیصلہ لیاگیا ہے اور کمیٹی کے فیصلے سے دکانداروں کو بھی مطلع کیاجاچکاہے۔ اس کے باوجود مقامی سطح پر شراب کی فروخت کاری نہیں رکی ہے۔ انہی وجوہات کی بنا پر ہم منوہونڈا کے عوام غیر قانونی شراب بیچے جانےکے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا نے میمورنڈم وصول کیا۔ اس موقع پر منوہونڈا کے کرشنا نائک ، بلیا نائک، دنیش نائک، راجو نائک، تمیا نائک، لوکیش نائک، گنیش نائک، شیکھر نائک وغیرہ موجود تھے۔